لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ نے چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ برطانیہ غور سے پاکستان کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہ برطانیہ پُرامن جمہوری عوامل کو سپورٹ کرتا ہے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں اور امریکا جیسے پہلے کہہ چکا ہے کہ وہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی گرفتاری، امریکا کا ردعمل آگیا
پاکستان کے حوالے سے رپورٹس دیکھی ہیں، یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جو بھی ہو قانون اور آئین کے مطابق ہو۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی فریقین کو تشدد سے باز رہنے کی اپیل کی تھی اور قانون کی عمل داری، پُرامن اجتماع کے حق کا احترام کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہا ہے ۔