بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے روس، یوکرین جنگ میں ثالثی کی کوششیں تیز کردیں،یوریشیائی امور کے سفیر لی ہوئی کو خصوصی نمائندہ مقرر کردیا۔
چین کے یوریشیائی امور کے سفیر لی ہوئی 15 مئی سے یوکرین، پولینڈ، فرانس، جرمنی اور روس کا دورہ کریں گے، لی ہوئی روس کے سفیربھی رہ چکے ہیں، چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ پوری طرح سے ظاہر کرتا ہے کہ چین مضبوطی سے امن کے ساتھ کھڑا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد یوکرینی بحران کے سیاسی تصفیے پر تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کرنا ہے اور چینی نمائندے کا یہ دورہ چین کے امن کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ ماہ یوکرینی صدر سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین ہمیشہ امن کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، یوکرین تنازع میں چین کا بنیادی مؤقف امن کا فروغ ہے، چین امن کو فروغ دینے اور جلد از جلد جنگ بندی کی کوششیں کرے گا۔
چینی صدر کے روس کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ چین کا امن منصوبہ یوکرین جنگ کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے تاہم یوکرین اور مغرب امن کیلئے تیار نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ چین نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے 12 نکاتی امن منصوبہ جاری کیا تھا، چین کی امن تجاویز میں روس یوکرین امن بات چیت، علاقائی سالمیت کا احترام اور جنگ بندی شامل تھیں۔