کیپیٹل ہل حملہ: اوتھ کیپرز کے بانی سٹیورٹ رہوڈز کو 18 سال قید کی سزا

Published On 26 May,2023 07:23 am

نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکا میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ ’ اوتھ کیپرز ‘ کے بانی اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی سٹیورٹ رہوڈز کو کیپیٹل ہل پر حملے کے مقدمے میں 18 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹیورٹ رہوڈز کو بغاوت کی سازش اور دیگر جرائم کے الزام میں سزا سنائی گئی۔

یہ 6 جنوری کے ہنگاموں میں شریک کسی بھی ملزم کو سنائی جانے والی اب تک کی سب سے طویل سزا ہے اور رہوڈز پر عائد بغاوت کی سازش کی دفعہ امریکا میں بہت کم استعمال ہوئی ہے۔

رہوڈز نے سزا سنائے جانے سے پہلے عدالت کو بتایا کہ ان کے ساتھ سیاسی قیدی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اس نے اوتھ کیپرز کے ارکان کو کیپیٹل پر حملہ کرنے کی ہدایت دینے کے الزام سے انکار کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ اس کا واحد مقصد امریکا کو ان لوگوں سے بچانا ہے جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔

اس نے عدالت کو بتایا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ملک ناقابل یقین حد تک تقسیم ہو چکا ہے۔

علاوہ ازیں ملیشیا کے فلوریڈا کے رہنما کیلی میگس کو بھی 12 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 6 جنوری 2021 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے، ہنگامہ آرائی کے دوران 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔

Advertisement