واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ چین کا فوجی تنازعات کے حل کیلئے بات چیت میں شامل نہ ہونا افسوسناک ہے، تنازعات سے بچنے کیلئے بات چیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
سنگا پور میں ہونے والے سکیورٹی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لائیڈ آسٹن نے کہا کہ امریکہ اور چین کے دفاعی اور فوجی سربراہان کے درمیان رابطے کھلے رہنے چاہئیں، ایشیا پیسفک میں استحکام کو بڑھانے کیلئے باہمی رابطے ضروری ہیں۔
قبل ازیں چینی وزیر دفاع لی شانگ فو نے سکیورٹی سربراہی اجلاس میں امریکی ہم منصب سے ملاقات کی دعوت مسترد کردی تھی۔
امریکی وزیر دفاع کو جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل جینگ جیان فینگ نے کہا چین امریکی وزیر دفاع کے تبصروں کو سختی سے مسترد کرتا ہے، چین امریکہ کے ساتھ فوجی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور تائیوان پر اپنی ناقابل تردید خودمختاری کا اعادہ کرتا ہے۔