لندن: (دنیا نیوز) برطانوی عدالت نے میئر لندن صادق خان کے صاف ہوا منصوبے کو قانونی قرار دے دیا، زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو یومیہ ساڑھے 12 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
میئر لندن صادق خان نے عدالتی فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا اور کہا پورے ملک میں یہ منصوبہ شروع ہونے کا راستہ ہموا ر ہو گیا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس وقت شمالی اور جنوبی سرکلر کے درمیانی علاقے میں یہ سکیم جاری ہے، اگلے ماہ اس منصوبےکو پورے دارالحکومت پر لاگو کر دیا جائے گا۔
اگلے ماہ کے آخر سے مزید 50 لاکھ افراد اس سکیم میں شامل ہوں گے، سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنی میئر شپ کے دوران اس سکیم کو تیار کیا تھا۔
عدالت نے پانچ کنزرویٹو کونسلوں کی میئر لندن صادق خان کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا۔