واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی پر بات چیت جاری ہے لیکن ابھی کسی فریم ورک پر اتفاق نہیں ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا۔
جان کربی نے سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے حتمی مرحلے میں ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے مزید بتایا کہ دونوں کے درمیان اب بھی بہت سے امور طے ہونا باقی ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی پر بات چیت جاری ہے اور بہتری کی امید کی جا سکتی ہے،تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ مذاکرات کہاں اور کس سطح پر ہورہے ہیں اور امریکا کا اس میں کیا کردار ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی میں امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔