امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ

Published On 10 August,2023 09:34 am

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا نے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط فوجی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے اعلیٰ پالیسی چیف نے یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ عبدالرحمٰن بن عیاف المقرن سے ٹیلی فون پر گفتگوہوئی ہے ۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مارٹن مینرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انڈر سیکریٹری بیکر نے اپنے ہم منصب کو ان کے حالیہ تقرر پر مبارک باد دی اور امریکا کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط دفاعی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔

لیفٹیننٹ کرنل مینرز کے مطابق دونوں عہدے داروں نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 80 سال پر محیط تزویراتی شراکت داری کی پائیداری اور اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس سال کے اوائل میں امریکا اور سعودی عرب نے الریاض کی ایک نئے فوجی تجربہ گاہ میں اپنی پہلی مشترکہ انسداد ڈرون مشق مکمل کی تھی ، مئی کے آخر میں دونوں افواج نے سعودی عرب میں ایک مشترکہ مشق کی۔

عرب میڈیا کے مطابق عزم شاہین (ایگل ریزولیوشن) 23 کے نام سے امریکا، سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے شراکت دار ممالک کی تیاریوں کو مضبوط بنانے کے لیے تیارکیا گیا تھا، ان مشقوں کو مسلح افواج کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جس سے علاقائی استحکام میں مدد ملے گی۔