ریاض : (دنیانیوز) سعودی عرب نے اسلام کی دو مقدس ترین مساجد میں مذہبی امور کی نگرانی کے لیے ایک نئی آزاد ایجنسی کے قیام کا اعلان کر دیا۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق یہ اتھارٹی مکہ مکرمہ میں المسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے مذہبی امور کی صدارت کے طور پر کام کریں گی۔
یہ ایجنسی دونوں مساجد میں آئمہ اور مؤذنین کی نگرانی کرے گی ،علاوہ ازیں اتھارٹی مذہبی امور کے علاوہ وہاں پیش کیے جانے والے مذہبی اسباق اور سیمیناروں کی نگرانی بھی کریں گی۔
اس وقت ان امور کی نگرانی کی ذمے دار صدارتِ عامہ برائے الحرمین الشریفین ہے۔
کابینہ نے صدارتِ عامہ برائے الحرمین الشریفین (جنرل پریزیڈنسی) کا نام تبدیل کرکے جنرل اتھارٹی برائے المسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نام کی تبدیلی کے بعد یہ نئی ایجنسی مالی اور انتظامی طور پر آزاد ہوگی اور تنظیمی طور پر مملکت کے شاہ سے وابستہ ہوگی۔
یہ دونوں مقدس مساجد میں خدمات ، آپریشنز ، تعمیر ومرمت اور ترقیاتی کاموں کا انتظام سنبھالے گی ، اس کا ایک انتظامی بورڈ ہوگا جس کے سربراہ اور ارکان کا تقرر شاہی فرمان کے ذریعے کیا جائے گا۔