اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ضامن ہے، ایس آئی ایف سی میں تمام اداروں کو اکٹھا کر دیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری کو ملک میں لانا ہے، آذربائیجان نے ریفائنری کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پہلے کوئی پالیسی نہیں بناتا تھا، گپ ماری اور گھر چلے گئے، ہماری حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے ایک پالیسی بنا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، شرح سود 22 فیصد برقرار
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، اربوں ڈالر کی صرف معدنیات میں انویسٹمنٹ ہو سکتی ہے، پسماندہ علاقوں میں مائننگ ہو رہی ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے ریکوڈک کو کہا ہے پہلی کھدال سے پہلے سکول کھولیں، ریکوڈک معاہدے سے سکول کھلیں گے اور علاقائی ترقی ہو گی، ریکوڈک کے سی ای او بلوچ ہیں۔