کعبۃ اللہ کو 15 محرم الحرام کو سالانہ غسل دیا جائے گا

Published On 28 July,2023 01:39 pm

مکہ مکرمہ : (ویب ڈیسک ) سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اہتمام 15 محرم الحرام یعنی 2 اگست کو نمازفجر کے بعد کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کے دوران مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو آبِ زم زم، عرقِ گلب اور مشک سے دھوئیں گے جبکہ خانہ کعبہ کے فرش کو آبِ زم زم، عرقِ گلاب  اور عود کے عطر سے دھویا جائے گا۔

مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو آبِ زم زم سے دھونے کے بعد ہاتھوں اور کھجور کے پتوں کی مدد سے خشک کیا جائے گا جبکہ سفید کپڑے کا استعمال دیواروں کو صاف کرنے کے لیے کیا جائے گا۔

یادرہے کہ غسلِ کعبہ کی یہ مقدس روایت نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے زمانے سے چلی آ رہی ہے۔

بعض روایات کے مطابق نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم سال میں دو بار محرم الحرام میں اور دوسری بار رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ماہِ شعبان میں کعبہ کو غسل دیا کرتے تھے۔

گزشتہ چند برسوں سے خانہ کعبہ کے غسل کی یہ تقریب سال میں صرف ایک بار کی جاتی ہے۔