مکہ مکرمہ : (دنیانیوز) سعودی عرب نے غیر ملکیوں کے لیے عمرے کی نئی سکیم متعارف کروادی ۔
سعودی وزارت حج کے مطابق سعودی شہری دوستوں کو عمرے کی سعادت کیلئے ’پرسنل وزٹ ویزا‘ پر بلوا سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری اپنے دوستوں کو "ذاتی وزٹ ویزا" کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں مدعو کر سکتے ہیں ، وزٹ ویز ا کی بدولت غیرملکی شہری عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مسجد نبوی بھی جاسکیں گے ۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کاکہنا ہے کہ ذاتی وزٹ ویزا پر غیر ملکی شہریوں کو ایک سے زائد بار انٹری سہولت حاصل ہوگی، وہ مختلف تاریخی مقامات اور دیگر ثقافتی علاقوں کا دورہ کر سکیں گے ۔
سعودی وزارت حج کے مطابق ذاتی وزٹ ویزا پر سعودی عرب کے تمام خطوں اور شہروں کے سیاحتی دوروں کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی ویزا کی دو قسمیں ہیں ،’سنگل انٹری پرسنل ویزا‘ جس کی میعاد 90 دنوں کے قیام کے ساتھ 90 دن تک بڑھ سکتی ہے۔ "ملٹی انٹری پرسنل ویزا" کی میعاد 90 دن قیام ہے اور یہ مدت 365 دن تک بڑھ سکتی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے "ذاتی ویزا" کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔