سعودی مشن کیلئے درآمدی گاڑیوں کی فروخت پر ٹیکس چھوٹ مدت کم کرنے کا فیصلہ

Published On 17 July,2023 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز ملنے کے بعد وفاقی حکومت نے سعودی مشن کیلئے درآمدی گاڑیوں کی فروخت پر ٹیکس چھوٹ کی مدت میں کمی اور 2 سعودی ایئر لائنز کو پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی فروخت پر ٹیکس چھوٹ مدت میں ایک سال کی کمی خصوصی کیٹیگری کے تحت دی جائے گی، اس حوالے سے حکومت نے گاڑیوں کی فروخت پر ٹیکس چھوٹ کی مدت 3 سے کم کر کے 2 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، گاڑیاں 2 سال کے اندر فروخت کرنے پر 100 فیصد ٹیکس ہو گا، درآمدی گاڑیاں 2 سال کے بعد فروخت کرنے پر ٹیکس چھوٹ ہو گی۔

اس سے قبل 3 سال کے بعد گاڑی کی فروخت پر ٹیکس چھوٹ کی سہولت تھی، فیصلے کا اطلاق سعودی سفارت خانے اسلام آباد اور پاکستان میں قونصلیٹ جنرل پر ہو گا، ٹیکس چھوٹ کی مدت میں کمی کا فیصلہ سعودی سفیر کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریاض ایئر لائن کو پاک سعودی روٹ پر نامزد کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، سعودی فلائی عدیل کو بھی پاک سعودی روٹ پر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ سے 3 الگ سمریوں کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔