ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں ای سپورٹس و گیمز فیسٹیول میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول جاری ہے ، فیسٹیول میں 161 ممالک کے 400 کے قریب کھلاڑی شریک ہیں، جن کے درمیان مختلف ای گیمز کیٹیگری کے مقابلے جاری ہیں۔
ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی دھوم مچی ہوئی ہے، آج پاکستان کی ٹیم نے جنوبی کوریا کی ٹیم کو ہرا کر فائنل جیت لیا ، اس طرح پاکستان ٹیکن 7 (TEKKEN 7) کا ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بے حد قریب ہے ۔
گیمرز 8 نیشنز کپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پروفیشنل ٹیکن کھلاڑی عاطف بٹ، خان اور ارسلان ایش کو منتخب کیا گیا تھا، جنہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے جیتنے کے بعد سجدہ شکر ادا کیا اور پھر جیت کا جشن منایا۔
SIMPLY THE BEST pic.twitter.com/A6Qb45rzGl
— Gamers8 Esports (@Gamers8GG) July 9, 2023
ٹورنامنٹ میں جاپان اور کوریا جیسے ممالک شامل تھے، جن میں اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا،اور ٹیموں کے مابین سخت مقابلے ہوئے۔
قبل ازیں پاکستانی گیمرز نے فائٹنگ گیم ٹیکن سیون کے نیشنز کپ میں برطانیہ کے بہترین گیمرز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔
ای سپورٹس گیمنگ فیسٹیول میں 30 ملین ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے، گیمرز 8 دی لینڈ آف ہیروز‘ کے عنوان سے شروع ہونے والے آٹھ ہفتوں کے ایونٹ میں سپورٹس مقابلے، معروف فنکاروں کی لائیو موسیقی، شوز، کمیونٹی گیمنگ، تعلیمی پلیٹ فارمز اور ثانوی سرگرمیاں شامل ہے۔
ایونٹ میں پاکستان، جاپان، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، تھائی لینڈ، پیرو، فرانس، فلپائن ، آسٹریلیا، جرمنی اور دیگر ممالک شریک ہوئے ہیں ۔