ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں وزارت حج اور عمرہ نے عمرہ کی ادائی کے لیے الیکٹرانک ویزا کے اجراء کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج اورعمرہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ای ویزہ‘ کے اجرا کا مقصد دنیا کے مسلمانوں کو عمرہ کی ادائی کی سعادت کے لیے زیادہ معیاری سہولیات فراہم کرنا اور مملکت کے 2030 کے اہداف کےحصول کی طرف پیش رفت کرنا ہے۔
وزارت نے وضاحت کی کہ "نسک" پلیٹ فارم کے ذریعہ الیکٹرانک ویزا جاری کرنے کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی خاطر ttps://www.nusuk.sa/ar/about پورٹل کو استعمال کرنا ہوگا، تاہم عمرہ کی ادائی کے لیے یہ درخواستیں محرم 1445ھ کے بعد کے ایام کے لیے دی جا سکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نسک‘ پلیٹ فارم سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی مکہ اور مدینہ کی زیارت کی آسانی اور سہولت کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج نے کئی زبانوں میں معلومات اور انٹرایکٹو نقشوں کے ایک پیکیج کے علاوہ رہائش ، اور نقل و حمل کی خدمات فراہم کی ہیں۔