ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں کرمی کی شدید لہر ، پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے سے حج کی ادائیگی کیلئے آئے تقریباً دو ہزار حجاج ہیٹ سٹروک سے متاثر ہوگئے۔
حج کے عظیم عبادت کے بڑے مناسک مکمل ہوچکے ہیں ، حجاج کرام نے وقوف منیٰ، وقوف عرفہ، وقوف مزدلفہ اور رمی جمار سے مناسک ادا کیے اور اس دوران موسم شدید گرم رہا۔
حجاج کرام نے مناسک حج کی ادائیگی کے دوران گرمی کے باعث لوگوں کے نڈھال ہوکر بیمار ہوجانے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ بڑی تعداد میں زائرین مقدس مقامات پر مرکزی رسومات ختم ہونے کے ایک دن بعد موجود ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز ہیٹ سٹروک کے سبب تقریباً 1700 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں ۔
سعودی وزارت صحت نے لوگوں کو دھوپ سے دور رہنے اور وافر مقدار میں پانی پینے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سٹروک کے کیسز کی تعداد 1721 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکام نے ہیٹ سٹروک کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد فراہم نہیں کی، تاہم حج کے موقع پر کم از کم 230 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بیشتر حجاج کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔
انڈونیشیا کے قونصل جنرل کے مطابق حج کے دوران کم از کم 209 انڈونیشین انتقال کرگئے جن کی موت کی وجوہات زیادہ تر دل اور سانس کی بیماریاں تھیں، لہٰذا یہ کہنا درست نہیں کہ تمام زائرین ہیٹ سٹروک کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ حج کے آغاز سے لے کر جمعرات کو سعودی عرب میں 11 ذو الحج تک گرمی سے تھکن کے تقریباً 11,000 کیسز ریکارڈ کیے ہیں۔
سعودی وزارت صحت بیت اللہ شریف کے زائرین کو مسلسل گرمی سے خبردار کر رہی ہے اور لوگوں کو ہدایت دی جارہی ہے کہ دھوپ میں چھتری کے بغیر مت نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور زیادہ دیر تک قطاروں میں مت کھڑے ہوں تاہم اس حوالے سے حجاج کرام کی جانب سے بے احتیاطی برتنے یا دیگر وجوہات کی بنا پر گرمی سے متاثر ہونے کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سعودی عرب کی حکومت نے حج کے موقع پر عازمین کی طبی سہولت کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں، منیٰ میں جمرات پُل حجاج کرام کے ھجوم کے اعتبار سے اہم مقام ہے، اس مقام پر منی پل ، وادی منیٰ ور نیو منیٰ اسٹریٹ میں جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔
ان مقامات پر قائم طبی مراکز میں 560 بستروں کی گنجائش والے چار ہسپتال قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ 16 ایمرجنسی مراکز صحت قائم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال مکہ مکرمہ میں سالانہ حج میں 18 لاکھ سے زیادہ غیرملکی عازمین نے شرکت کی ہے۔