الریاض: (ویب ڈیسک)برازیل کے سٹرائیکر رابرٹو فرمینو لیورپول کو خیرباد کہنے کے بعد آزادانہ ٹرانسفر پر سعودی عرب کے کلب الاہلی میں شامل ہوگئے ہیں۔
فرمینو نے الاہلی کے ٹویٹراکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں کہا:’’میں ہمیشہ بڑی ٹیموں کے لیے کھیلا، اب میں الاہلی میں ہوں‘‘، 31 سالہ کھلاڑی نے الاہلی کلب کے ساتھ تین سال کے معاہدے پر دست خط کیے ہیں اور وہ گول کیپر ایڈورڈ مینڈی کے ساتھ اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
الاہلی کی 2022-2023 کی مہم سیکنڈ ڈویژن میں گزارنے کے بعد سعودی پرو لیگ میں واپسی ہوئی ہے لیکن جنوبی افریقا کے پٹسو موسیمین کی روانگی کے بعد ٹیم اب بھی کوچ کے بغیر ہے۔
— Al-Ahli Saudi Club (@ALAHLI_FCEN) July 4, 2023
برازیل کے فرمینو نے 2015 میں لیورپول میں شمولیت اختیار کی تھی اور ٹیم کو چیمپیئنز لیگ، ایف اے کپ اور پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، بین الاقوامی کھلاڑی نے مئی کے آخر میں اینفیلڈ کو الوداع کہا اور سیزن کے آخری میچ میں کلب کے لیے اپنا 111 واں گول اسکور کیا تھا۔
فرمینو حالیہ ہفتوں میں سعودی پرو لیگ میں منتقل ہونے والے ہائی پروفائل کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، اس میں بیلن ڈی اور جیتنے والے کریم بینزیما، این گولو کانٹے اور روبن نیوس جیسے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سعودی عرب میں کھیلنے کے لیے آئے ہیں۔