ن لیگ تارکین وطن کی نمائندہ جماعت، اوورسیز کے مسائل حل کریں گے، نواز شریف

Published On 11 July,2023 11:04 pm

جدہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ تارکین وطن کی نمائندہ جماعت ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کریں گے۔

 

نواز شریف سے سعودی عرب مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سیکرٹری جنرل ملک منظور حسین اعوان کی سربراہی میں ملنے والے وفد میں مہر عبدالخالق لک جنرل سیکرٹری جدہ، سینئر رہنما عرفان الحسن سدرہ، ڈپٹی سوشل میڈیا ہیڈ ذوہیب شہزاد کھوکھر اور سیف منظور ملک، مولوی عبدالشکور بھی شامل تھے۔

محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن سعودی عرب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں، تارکین وطن کے مسائل ہمارے مسائل ہیں، ان کو حل کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے، پاکستان کی بدحال معیشت کو دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کر رہے ہیں، انشاءاللہ جلد پاکستان دوبارہ ترقی کے اس سفر کا آغاز کرے گا جو سازش کے تحت 2018 میں ختم کیا گیا تھا۔

وفد کی جانب سے قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔