غسل کعبہ کی روح پرور تقریب ، خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

Published On 02 August,2023 10:17 am

مکہ مکرمہ : (دنیانیوز) خانہ کعبہ کو غسل دینے کیلئے کعبتہ اللہ کا دروازہ کھول دیا گیا اور یہ تقریب کئی گھنٹے جاری رہی۔

عرب میڈیا کے مطابق غسل کعبہ میں 20 لیٹر آب زمزم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا اور اس موقع پر بیت اللّٰہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو صاف کیا گیا۔

غسل کے بعد خانہ کعبہ کو خالص عود، عرق گلاب اور بخور کی خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔

غسل کعبہ کی تقریب کے دوران کلید بردار الشیخ ڈاکٹر صالح آل زین نے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا اور مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا۔


عرب میڈیا کے مطابق غسل کعبہ کی تقریب میں او آئی سی سربراہ اور اعلیٰ سول حکام شریک ہوئے ،  تقریب میں آئمہ کرام اور حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام بھی شریک ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس تقریب کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ خانہ کعبہ کو ہر نئے ہجری سال کی 15 تاریخ کو غسل دیا جاتا ہے۔

غسلِ کعبہ کی یہ مقدس روایت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے سے چلی آ رہی ہے، بعض روایات کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سال میں دو بار کعبہ کو غسل دیا کرتے تھے، پہلی بار محرم الحرام میں اور دوسری بار رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ماہِ شعبان میں۔

گزشتہ چند برسوں سے خانہ کعبہ کے غسل کی یہ تقریب سال میں صرف ایک بار کی جاتی ہے۔