امریکا : ہوائی کےجنگلات میں آتشزدگی ، ہلاکتیں 53 ہوگئیں

Published On 11 August,2023 08:27 am

ہوائی : (ویب ڈیسک ) امریکی سیاحوں کے مرکز ہوائی شہر میں تیزی سے پھیلنے والی جنگل کی آگ سے کم از کم 53 افراد ہلاک ہوگئے، امدادی کارکنان سب سے زیادہ متاثرہ جزیرے ماوئی سے مزید لوگوں کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماؤئی کے مغربی ساحل پر جنگل کی آگ بھڑک اٹھی جس نے سمندر کے کنارے واقع شہر لاہائنا کو تیزی سے لپیٹ میں لے لیا۔

زرائع کے مطابق آگ سے سیکڑوں مکانات اور عمارتیں مکمل جل گئیں، طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کے سبب تباہی نہ روکی جاسکی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جنگل کی آگ کو ایک ’بڑی آفت‘ قرار دیتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کے لیے وفاقی امداد کو غیر مسدود کر دیا ۔

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ انھیں مزید مدد کی ضرورت ہے اور خدشہ ہے کہ شہر کو ٹھیک ہونے میں برسوں لگیں گے۔

واضح رہے کہ آگ کے سبب کاؤنٹی ماؤوی میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، آگ لگنے کے باعث متعدد بجلی کے کھمبے بھی گر گئے ہیں۔

ریاست ہوائی کے گورنر کا کہنا ہے کہ آگ سے ہونے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔