شکاگو: (ویب ڈیسک) شکاگو پولیس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گولیاں مارنے کی دھمکیاں دینے والی خاتون کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کی رہائشی 41 سالہ میری فورینزا نے ای میل کے ذریعے سابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ کو گولیاں مارنے کی دھمکی دی تھی۔
اٹارنی آفس شکاگو کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے اوائل میں خاتون کے خلاف فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں باضابطہ شکایت درج کرائی گئی تھی۔
خاتون کے خلاف درج شکایت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ خاتون نے دھمکی آمیز ای میل میں لکھا تھا کہ میں حلفیہ کہتی ہوں کہ جہاں کہیں مجھے موقع ملا میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ کو گولیاں مار دوں گی۔
اٹارنی آفس کے مطابق مذکورہ ای میل ڈونلڈ ٹرمپ کے آبائی علاقے پام بیچ کاؤنٹی میں ایک تعلیمی ادارے کے سربراہ کو بھیجی گئی تھی۔
خاتون فورینزا کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو مارنے کی دھمکی پر مبنی ایک اور ای میل جون کے مہینے میں بھی بھیجی گئی تھی۔