برطانیہ: ائیرٹریفک کنٹرول میں تکنیکی خرابی کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ

Published On 28 August,2023 09:52 pm

لندن: ( دنیا نیوز)ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی مسائل کے باعث برطانیہ بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

برطانیہ کی نیشنل ائیر ٹریفک سروس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ہمیں اس وقت ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کے باعث فضائی ٹریفک کو محدود کیا گیا ہے۔

خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے مگر ابھی واضح نہیں کہ کب تک مسئلہ حل ہو جائے گا، بیان میں بتایا گیا کہ برطانوی فضائی حدود بند نہیں کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ اس تکنیکی مسئلے کے باعث فلائٹ پلان کو خودکار طور پر پراسیس کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 500 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جن میں سے 232 کو برطانیہ سے دیگر ممالک جانا تھا جبکہ 271 کو برطانیہ پہنچنا تھا۔

لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ائیر پورٹ کی جانب سے مسافروں کو زحمت سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اسی طرح برٹش ائیر ویز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ائیر ٹریفک کنٹرول سروس کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے اثرات کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ دیگر فضائی کمپنیوں کی جانب سے پروازوں کو منسوخ یا تاخیر کرنے کے اعلانات کیے گئے ہیں۔