لندن : (دنیانیوز) عالمی سطح پر ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرناک اثرات ، برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا کاربن کے استعمال کو کم کرنے کا دعویٰ پانی کا بلبلہ نکلا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے تیل اور گیس کی تلاش کیلئے سیکڑوں نئے لائسنس جاری کر دئیے۔
ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کام کرنے والے رضاکاروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، ماحولیاتی کارکنوں نے وزیر اعظم رشی سنک کا گھر سیاہ چادروں سے ڈھک دیا، رضاکار وزیر اعظم کے گھر کی چھت پر چڑھ گئے اور بڑی بڑی چادروں سے پورے گھر کو ڈھانپ دیا ۔
اس حوالے سے رضاکار کاکہنا تھا کہ ہمارا مقصد تیل کی تلاش کے معاملے پر پاگل پن کے سنگین تنائج اجاگر کرناہے ، ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے رہنما بنیں ،نہ کہ صورتحال مزید خراب کریں۔
رضاکار نے مزید کہا کہ جنگل کی آگ اور سیلاب دنیا بھر میں گھروں اور زندگیوں کو تباہ کر رہے ہیں، رشی سنک بحیرہ شمالی میں تیل اور گیس کی تلاش کے لائسنس بانٹ رہے ہیں، ہم وزیر اعظم رشی سنک کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
یاد رہے برطانوی وزیر اعظم نے پیر کے روز تیل اور گیس کے نئے لائسنسوں کا اعلان کیا تھا جس کے خلاف برطانیہ میں مظاہرے کئے گئے۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم ان دنوں اپنے اہل خانہ کے ساتھ امریکہ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔