فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی اور ان کے عملے کے ساتھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ کے مشن کے بعد کامیابی کے ساتھ زمین پر واپس آ گئے ۔
ناسا اور سپیس ایکس کے مشترکہ طور پر چلائے جانے والے کریو۔ 6 مشن کے چاروں خلا باز زمین پر واپسی کے لیے اتوار کو صبح خلائی سٹیشن سےروانہ ہوئے تھے ۔
سپیس ایکس کریو ڈریگن کیپسول پر سوار خلاباز فلوریڈا کے ساحل کے قریب باحفاظت اترے، عملے نے 13 فٹ چوڑی کریو ڈریگن گاڑی کو جیکسن ویلے، فلوریڈا کے ساحل سے دور اپنے ہدف پرکامیابی سے لینڈ کیا ۔
کریو ڈریگن کیپسول 17,000 میل فی گھنٹہ (27,000 کلومیٹر فی گھنٹہ) سے زیادہ کی رفتار سے سفر کیا اور جیسے ہی اس کی سپلیش ڈاؤن لینڈنگ کا آخری مرحلہ شروع ہوا تو خلائی جہاز کا بیرونی حصہ تقریباً 3,500 ڈگری فارن ہائیٹ (1,900 ڈگری سیلسیس) تک گرم ہو گیا تھا۔
خلائی جہاز کے کیبن کے اندر، مسافروں کو ہیٹ شیلڈ سے محفوظ رکھا گیا تھا اور اندرونی درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ (37.8 ڈگری سیلسیس) سے نیچے تھا۔
یہ بھی پڑھیں :اماراتی خلا باز سلطان النیادی کی واپسی خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار
واپس آنے والے خلابازوں میں ناسا کے خلانورد سٹیفن بوون اور وارن ہوبرگ ،متحدہ عرب امارات کے سلطان النہادی اور روسی خلاباز آندریو فدایوف شامل ہیں، یہ خلاباز رواں سال مارچ میں خلائی سٹیشن پر گئے تھے ۔