او آئی سی کی مسجد اقصیٰ باب الرحمہ میں اسرائیلی فوج کی توڑ پھوڑ کی مذمت

Published On 09 September,2023 08:40 pm

جدہ: (دنیا نیوز) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مسجد اقصیٰ باب الرحمہ میں قابض اسرائیلی افواج کے گھسنے اور توڑ پھوڑ کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

او آئی سی نے کہا کہ یہ مقدس مقامات کی حرمت کی کھلی خلاف ورزی، عبادت کی آزادی کی بے حرمتی اور مسلمانوں کے عقائد اور ان کے جذبات پر کھلا حملہ ہے۔

او آئی سی نے کہا ہے کہ مصلی باب الرحمہ مسجد اقصیٰ کا اٹوٹ حصہ ہے، قابض اسرائیلی افواج نے یہاں گھس کر مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے والی اپنی پالیسی نافذ کرنے کی کوشش کی ہے۔

او آئی سی نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام، فلسطینی اراضی اور مقدس مقامات کی مسلسل اور کھلی خلاف ورزیاں بند کروانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔