اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 سالہ بچہ شہید، متعدد زخمی

Published On 10 September,2023 12:21 pm

غزہ : (ویب ڈیسک ) فلسطین کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک 15 سالہ بچہ شہید اور متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غرب اردن کے جنوبی علاقے الخلیل میں گزشتہ روز اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے پرتشدد کارروائیاں جاری رہیں۔

اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں الخلیل کے شمال میں واقع عروب کیمپ سے تعلق رکھنے والاپندرہ سالہ بچہ میلاد منتصر الراعی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہواجو ہسپتال پہنچانے سے قبل ہی دم توڑ گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے متعدد نوجوانوں اور بچوں پر براہ راست گولیاں برسائیں اور زہریلی آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ہم شہید بچے کے اہل خانہ اور ان کے چاہنے والوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زور دے کر کہتے ہیں کہ ہمارے لوگ تمام علاقوں میں اپنی نقل و حرکت جاری رکھیں گے، قابض دشمن کا مقابلہ کرنے، اپنےعوام اور مقدسات کے خلاف جرائم کو روکنے کے لیے جدو جہد جاری رکھیں۔