جی 20 اجلاس اور مودی سرکار کے مصنوعی چہرے سے نقاب اترگیا

Published On 10 September,2023 12:26 pm

نئی دہلی : (دنیانیوز) بھارت میں ہونے والے جی 20 اجلاس اور مودی سرکار کے مصنوعی چہرے سے نقاب اتر گیا ہے اصل چہرہ دنیا سے چھپانے کیلیے بھونڈے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بھارت جی 20 اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں چین، روس کے صدور پہلے ہی شرکت کرنے سے انکار کرچکے ہیں اب بھارتی حکومت کے اقدامات سے اس اجلاس اور مودی سرکار کے مصنوعی چہرے سے نقاب اتر گیا ہے۔

مودی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلیے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اصل چہرہ دنیا سے چھپانے کے بھونڈے اقدامات شروع کر دیے ہیں، دہلی کی کچی آبادی  کولی کیمپ جو جدید ہوٹل سے کچھ ہی فاصلے پر ہے،  اب مودی سرکار کو کھٹکنے لگی ہے جس کا مضحکہ خیز اظہار گزشتہ روز دیکھنے میں آیا۔

جی 20 اجلاس کے مہمانوں کی گزرگاہ ہونے پر مودی سرکار نے اسےعالمی منظر نامے سے اوجھل کرنے کی ناکام کوشش کی اور اجلاس سے 10 دن پہلے ہی کولی کیمپ کو لکڑی کے سہاروں اور سبز پردوں کی مدد سے چھپا دیا گیا ہے۔

سبز پردے تان کر مودی سرکار اور جی 20 کے پوسٹرز لگا دیئے  گئے تاہم لاکھ پردہ داری کے باوجود مودی سرکار کا گھٹیا چہرہ پوری دنیا کے سامنے کھل کر آ گیا ہے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی مودی سرکاری کی جانب سے یہاں کے رہنے والوں کو اسی طرح کی اذیت سے دوچار کیا جا چکا ہے ، یہاں کے رہائشی جو پہلے ہی انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں،  ان کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی ناکامی اور گھناؤنے کردار کو چھپانے کیلیے انہیں دنیا کی نظروں سےاوجھل کیا ہے۔

کولی کیمپ کے رہائشی جو مودی کے اس اقدام پر انتہائی برہم ہیں اور کہتے ہیں کہ  اجلاس کی آڑ میں ان کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

نقل وحرکت پر پابندی سے دیہاڑی دار مزدوروں کو روزگار کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں لیکن ہم جانور نہیں بلکہ انسان ہیں ،  مودی سرکاری نے ہم تک ہوا آنے سے بھی روک دیا ہے اور گھٹن ہونے لگی ہے۔

کولی کیمپ کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جھوٹی لیپا پوتی کے بجائے ہمیں پکے مکانات بنا کر دیے جائیں۔