نیویارک : (ویب ڈیسک ) رواں برس کا 16 واں تباہ کن سمندری طوفان ’اوفیلیا‘ امریکی ریاست کیرولینا سے ٹکرا گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تین امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ حکام نے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق طوفان کے زیرِاثر ساحلی علاقوں میں 113 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چلنے لگی جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
امریکی میڈیا کےمطابق شمالی کیرولینا کی مشرقی کاؤنٹیز میں ہزاروں صارفین بجلی سےمحروم ہوگئے ہیں جبکہ شمالی کیرولینا اور ورجینیا کے کچھ حصوں میں 20 سینٹی میٹرتک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی کیرولینا ، ورجینیا اور میری لینڈ میں کچھ علاقوں میں سکول بھی جلد بند ہو گئے کیونکہ وہاں کی آبادی طوفان کی آمد کے لیے تیاری کر رہی تھی۔