لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

Published On 19 September,2023 09:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹاؤن اور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، چونگی امرسدھو، قینچی، تاجپورہ، والٹن، فیروز پور روڈ، ریلوے سٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں بھی جم کر بادل برسے۔

مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

رات گئے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب گئے، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور شہر کی متعدد سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل

موسلادھار بارش کے باعث شہر کی متعدد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک بھی دباؤ کا شکار ہے، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مال روڈ فیصل چوک کے قریب بارش کے باعث درخت بھی سڑک پر آگرا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

ادھر گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں، بیشتر علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ بھی سڑکوں سے نکاسی آب کیلئے متحرک دکھائی دے رہی ہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین واسا مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے قرطبہ چوک، عابد مارکیٹ، لکشمی چوک کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی گارڈن ٹاؤن، قذافی سٹیڈیم و اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اور بارشی پانی کی جلد نکاسی کیلئے انتظامیہ کو ہدایات دیں۔

علاوہ ازیں کاہنہ، اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، فیصل آباد، کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔

دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، صوبے کے مشرقی، شمالی اور وسطی اضلاع میں آج بارش ہوگی، ژوب، بارکھان، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ اور آواران میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی دارالحکومت میں موسلادھار بارش کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی ان دنوں چین میں موجود ہیں، موسلادھار بارش کی اطلاع پر انہوں نے چین سے واسا، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

محسن نقوی نے انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو فیلڈ میں پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کا نکاس جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔