آسٹریلیا میں گرمی کی لہر میں ریکارڈ اضافہ ، ہیٹ ویوالرٹ جاری

Published On 18 September,2023 02:28 pm

سڈنی : (ویب ڈیسک ) آسٹریلیا کے شہر سڈنی سمیت جنوبی مشرقی حصے کو گزشتہ دو روز سے گرمی کی سخت لہر کا سامنا ہے جو آج شدت اختیار کرگیا ہے ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث آسٹریلیا میں گرمی کے نئے ریکارڈ بننے کی توقع ہے ، ستمبر کے اوسط درجہ حرارت سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق پیر (آج) کو درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ جمعرات تک اس میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک بتدریج کمی آسکتی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ ویک اینڈ سے شروع ہونے والی گرمی کی لہر ممکنہ طور پر جنوبی آسٹریلیا، وکٹوریہ، نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستوں میں بدھ تک جاری رہے گی۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی لہر کے باعث مزید 26 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری بنیاد پر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً 40 افراد پہلے ہی زیر علاج ہیں۔

ہیٹ ویو سے آسٹریلیا کے کئی علاقوں میں آگ لگنے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔