لاہور: (ویب ڈیسک ) راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار مشرقی اور جنوبی پنجاب اور خیبر پختونحوا کے بعض مقامات پر بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے رواں ماہ 18 سے20ستمبر کے دوران کراچی میں وقفے وقفےسے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ٹھٹھہ، بدین،سکھر، دادو، سانگھڑ، تھرپارکر، نگرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور خیرپور میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں بیشتر اضلاع میں موسم گرم خشک اور مرطوب رہے گا جبکہ شام یارات میں موسیٰ خیل،بارکھان، ژوب، قلات ، خضدار میں تیز ہواؤں ،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔