ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی اشتعال انگیز کارروائی کی مذمت کی گئی ہے ۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی قابض افواج کے اشتعال انگیز کارروائی پرانتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں امن کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور مقامات مقدسات کے احترام میں بین الاقوامی قواعد و ضوابط سے متصادم ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس بات پرزور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کےاقدامات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ، اس قسم کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتائج کے لیے اسرائیلی قابض افواج مکمل طورپرذمہ دار ہے۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے اورشہریوں کو ضروری تحفظ فراہم کرتے ہوئے تنازعے کو مستقل بنیادوں پرختم کرنے کےلیے اپنی کوششیں تیز کرے۔
گزشتہ روز شمال مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے قریب شوفہ قصبے کے قریب دو فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔