واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کر دیا، بیڑے میں طیارہ بردار جہاز سمیت 5 تباہ کن بحری جہاز بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے اسرائیل بھیجے جانے والے بحری بیڑے کو حماس کے خلاف جنگ میں استعمال کیا جائے گا اس کے علاوہ امریکا نے فضائی مدد دینے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کے حملوں میں 700 اسرائیلی ہلاک، جوابی بمباری سے 480 فلسطینی شہید
امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں اپنی طاقت بڑھائیں گے، اسرائیلی فوج کیلئے مزید فوجی ساز و سامان، لڑاکا طیارے، ہتھیار اور گولہ بارود بھی اسرائیل بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑے کو اسرائیل کی طرف روانہ کر رہے ہیں، امریکی ائیر فورس کے ایف 15، ایف 16، ایف 35 اور اے 10 لڑاکا طیارے بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے، حماس کے حملوں میں اب تک ایک افسر اور 50 فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 22 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنا لیے گئے ہیں۔