اسرائیلی فوج نے غزہ پر مکمل قبضہ کرنے کی دھمکی دے دی

Published On 08 October,2023 03:27 pm

یروشلم : (دنیانیوز) اسرائیل نے غزہ پر مکمل قبضہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کیلئے 12 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے دھمکی دی ہے کہ اگلے 12 گھنٹے میں غزہ انکلیو ختم کردیں گے، غزہ پر مکمل قبضہ کریں گے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ سے لوگوں کو بے دخل بھی کیا جائے گا۔

اسرائیلی حکومت نے 42 سالہ کمانڈر نہال کی ہلاکت کی بھی تصدیق کردی ہے  جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کاکہنا ہے  کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حماس ہوگی۔

قبل ازیں حماس کی جانب سے دعوی ٰکیا گیا تھا کہ  درجنوں اسرائیلی جنرلز اور سپاہی گرفتار ہیں، حماس جلد اسرائیلی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی بحریہ نے 5 فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے ، اسرائیلی بحریہ کے مطابق غزہ کی پٹی کے ساحل کے قریب 5 فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حزب اللہ کی اسرائیلی ٹھکانوں پرگولہ باری کے بعد اسرائیل کا لبنان پرحملہ

قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حالت جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی ، تل ابیب نے دھمکی دی کہ حماس کو اس حملے کی ’’غیر معمولی قیمت‘‘ چکانا پڑے گی۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ اس کی افواج غزہ کی پٹی کے آس پاس کے علاقوں میں فلسطینی جنگجوؤں کے خلاف سمندری اور زمینی راستے سے "پیراشوٹس" کے ذریعے دراندازی کے بعد "زمینی" لڑائیاں لڑ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے عرب اسرائیلی جنگ کی 50 ویں  سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل پر سرپرائز حملہ کرنیوالی حماس کیا ہے ؟

حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، حماس کے حملے میں اب تک اسرائیل کے سینئر فوجی افسر سمیت 350 اسرائیلی مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 480 ہو گئی، 2 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔