غزہ سے خاتون رپورٹرکی براہ راست کوریج کے دوران اسرائیل کا میزائل حملہ

Published On 08 October,2023 10:41 am

مقبوضہ بیت المقدس : (دنیانیوز) اسرائیل اور فلسطین کی صورتحال کی غزہ سے لائيو کوریج کے دوران دھماکے کی آواز سن کر خاتون رپورٹر گھبرا گئی۔

تفصیلات کے مطابق خاتون رپورٹر یُمنی سید غزہ کی صورتحال بتا رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے عقب میں ایک بڑا دھماکا ہوا اوررہائشی بلڈنگ سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔

دھماکے کی آواز سے خاتون رپورٹر گھبرا گئيں، چند لمحوں بعد حواس بحال ہونے پر انہوں نے دوبارہ رپورٹنگ دوبارہ شروع کردی ، واقعے کی صورتحال بتانے کے دوران رپورٹر کی آواز مسلسل بھرائی رہی، ان کا کہنا تھا کہ یہ غزہ شہر کے وسط میں ایک رہائشی بلڈنگ پر کیا گیا اسرائیلی حملہ ہے۔

واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں کم از کم 300 اسرائیلی ہلاک اور 1500 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا۔

اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 400 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 1900سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔