غزہ: (دنیا نیوز) حماس کے حملوں پر اسرائیل کی جوابی کارروائی، غزہ پر بمباری میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 198 فلسطینی شہید جبکہ 1610 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں متعدد مقامات پر جوابی فضائی حملے کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا اسرائیل اور فلسطین سے جنگ بندی کا مطالبہ
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اسرائیل کی جوابی بمباری کے نتیجے میں ادویات اور اشیائے خورو نوش کی قلت کے شکار غزہ میں صورت حال گھمبیر ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں رواں برس جنوری سے اب تک تاحال 250 سے زائد مظلوم فلسطینی باشندے شہید ہوئے جبکہ آج کی شہادتیں علیحدہ ہیں۔