میکسیکو سٹی: (دنیا نیوز) میکسیکو میں مہاجرین کی بس کو حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 18 افراد ہلاک جبکہ 27 شدید زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی میکسیکو میں مہاجرین بس کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے امریکا، میکسیکو بارڈر پر جا رہے تھے کہ راستے میں تارکین وطن کی بس الٹنے کی وجہ سے حادثہ پیش آ گیا۔
ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے، 13 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، تمام افراد کا تعلق ہیٹی اور وینز ویلا سے ہے، حادثے میں زخمی ہونے والوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔