حقوق نسواں کی ایرانی وکیل نے جیل سے امن کا نوبل انعام جیت لیا

Published On 06 October,2023 10:59 pm

تہران: (ویب ڈیسک) خواتین کے حقوق کی بازیابی کے لئے کوشاں قیدی وکیل نرگس محمدی نے 2023 کا امن کا نوبیل انعام جیت لیا۔

انسانی حقوق کے سرکردہ ایرانی کارکنان میں سے ایک نرگس محمدی ہیں جنہوں نے خواتین کے حقوق اور سزائے موت کے خاتمے کے لیے مہم چلائی ہے۔

نرگس محمدی کو  آزادی کی مجاہدہ  کے طور پر سراہتے ہوئے ناروے کی نوبل کمیٹی کی سربراہ نے اپنی تقریر کا آغاز فارسی میں  زن، زندگی، آزادی  کے الفاظ کہہ کر کیا، جو ایرانی حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کے نعروں میں سے ایک ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم فرنٹ لائن ڈیفنڈرز کے مطابق نرگس محمدی اس وقت تہران کی ایون جیل میں تقریباً 12سال قید کی متعدد سزائیں کاٹ رہی ہیں، یہ ان کئی سزاؤں میں سے ایک ہے جس کی بنا پر وہ سلاخوں کے پیچھے ہیں، ان پر لگائے گئے الزامات میں ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ پھیلانا بھی شامل ہے۔

نرگس محمدی 2003 کی نوبل امن انعام یافتہ شیریں عبادی کی زیرِ قیادت ایک غیر سرکاری تنظیم ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ ہیں۔