متحدہ عرب امارات کا لبنان میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان

Published On 06 October,2023 06:41 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات صدر محمد بن زاید نے لبنان میں 2021 سے بند اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میکاتی کے درمیان ابوظہبی میں اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران محمد بن زاید نے لبنان کے لیے استحکام، سلامتی اور خوشحالی سے لطف اندوز ہونے کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بیروت میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔

اگست 2023 میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں مسلح گروہوں کے درمیان ایک ہفتے کی شدید لڑائی کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ لبنان کا سفر نہ کریں جس کے نتیجے میں دیگر خلیجی ممالک نے بھی ایسی ہی پابندی جاری کر دی۔

واضح رہے کہ لبنان میں اکتوبر 2022 کے بعد سے کوئی صدر نہیں اور نہ ہی کوئی مکمل طور پر کام کرنے والی حکومت ہے، سیاسی چپقلش نے ان اشد ضروری اصلاحات کو بھی روک رکھا ہے جو عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے فنڈز کی بحالی کے لیے درکار ہیں۔

محمد بن زاید نے لبنان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور لبنانی عوام کے لیے حمایت پر متحدہ عرب امارات کے  غیر متزلزل  موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات لبنان کو ایک مضبوط، مربوط اور فعال قوم کی حیثیت سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔