تعلیمی ناکامی پر طالبہ کی موت کی خبر جھوٹی ہے: امارات سکول اتھارٹی

Published On 31 August,2023 05:26 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) امارات سکول اتھارٹی نے تعلیمی ناکامی پر سکول میں دل کا دورہ پڑنے سے طالبہ کی موت کی تردید کردی۔

امارات سکول اسٹیبلشمنٹ اتھارٹی (ای ایس ای) نے ایک سرکاری بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں کسی مضمون میں فیل ہونے یا آنے والے تعلیمی سال کو دہرانے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے طالبہ کی موت کی خبریں جھوٹی ہیں۔

متعلقہ سرکاری حکام سے جانچ پڑتال کرنے پر اتھارٹی نے کہا کہ اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ خبر کی حقیقت میں کوئی بنیاد نہیں ہے، متحدہ عرب امارات میں کسی طالب علم کی موت نہیں ہوئی ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جعلی خبروں کی گردش متحدہ عرب امارات کے سائبر کرائم قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے کیونکہ یہ معاشرے میں الجھن اور غلط معلومات پھیلاتی ہیں۔

اتھارٹی نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ خبروں کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں اور کسی بھی خبر کو پھیلانے یا شائع کرنے سے پہلے صحیح طریقے سے حقائق کی جانچ کریں۔