کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور ابوظہبی پورٹ کے درمیان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ایسٹ وارف ٹرمینل معاہدے میں اہم پیشرفت ہوئی، ابوظہبی پورٹ اور پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان 8 اگست کو مذاکرات کیلئے مالیاتی امور طے پا گئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے حکومتی لین دین کا اجلاس ہوا جس میں میں بریفنگ دی گئی کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے نان ری فنڈایبل اڑھائی کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات پہلے 5 سال تک 30 لاکھ ڈالر کی رقم سالانہ ادا کرے گا، ابوظہبی پورٹ آخری دو سال یعنی کہ چھٹے اور ساتویں سال 50 لاکھ ڈالر کی رقم سالانہ ادا کرے گا۔
حکومتی کمیٹی نے کراچی پورٹ کا ایسٹ وارف ابوظہبی پورٹ کو کم از کم 7 سال کیلئے دینے کا گرین سگنل دے دیا، ابوظہبی پورٹ کراچی پورٹ ایسٹ وارف کا بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل ہینڈل کرے گا۔
وزارت خزانہ نے اپنے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ وزارت خزانہ ابوظہبی پورٹ کراچی پورٹ کے ایسٹ وارف ٹرمینل کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرے گا۔