اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے چشمہ فائیو نیو کلیئر پاور پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، ایکنک نے پاکستان ریزز ریونیو منصوبے کی منظوری دیدی، منصوبے پر ساڑھے 21 ارب روپے لاگت آئے گی، عالمی بینک اس منصوبے کیلئے 8 کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کرے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایکنک نے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پراجیکٹ کی بھی منظوری دیدی، منصوبے پر 1047 ارب 98 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
سندھ میں سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا جس پر 12 ارب 33 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، وفاق اور سندھ حکومت پچاس پچاس فیصد فنڈز خرچ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے ترسیلی محکموں کی ریکارڈ نہ دینے کی روش برقرار،ریگولیٹری اتھارٹی بے بس
ایکنک نے 23 ارب 54 کروڑ روپے سے راولپنڈی کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا، 28.4 کلومیٹر کے منصوبے کے تحت سہالہ بریج اور بائی پاس بھی تعمیر کیا جائے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں 50، 50 فیصد لاگت برداشت کریں گی۔
کراچی شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی منظور ہو گیا، منصوبے پر 10 ارب 68 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت آئے گی، ڈی آئی خان میں عبدالخیل ڈھکی کلورکوٹ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا، اس منصوبے پر 14 ارب 5 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایکنک نے ضلع خاران میں ڈیم کی تعمیر کا 27 ارب 75 کروڑ لاگت کا نظریاتی شدہ منصوبہ منظور کر لیا۔