اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے کراچی کو پانی فراہمی کے منصوبے "کے فور" سمیت 352 ارب کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی، کے فورمنصوبے کی لاگت کا تخمینہ 39 ارب 94 کروڑ روپے ہے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈارکے زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق "کے فور" منصوبے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت 50، 50 فیصد رقم فراہم کریں گے۔
اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کے شمالی لوپ رائیونڈ سے ملتان روڈ کی تعمیرکی بھی منظوری دے دی گئی، رائیونڈ سے ملتان روڈ منصوبے کی تخمینہ لاگت 17 ارب 78 کروڑ روپے ہے، وزیر اعظم کے قومی پروگرام برائے سولرائزیشن آف ٹیوب ویل کی بھی منظوری دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق خواز خیلا بشام ایکسپریس وے کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی، کمیٹی نے لاہور ساہیوال بہاولنگر موٹر وے کی تعمیر کے منصوبہ کی بھی منظوری دے دی، لاہور ساہیوال بہاولنگر موٹروے منصوبے کی لاگت 263 ارب 79 کروڑ ہے۔
ایکنک نے پاکستان ایجوکیشن فنڈ کیلئے 14 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی، 16 ارب 80 کروڑ روپے کے وزیر اعظم کے لیپ ٹاپ سکیم منصوبہ منظور کر لیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ہائیڈرومٹ سروسز کو جدید بنانے کیلئے 14 ارب 50 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا، عالمی بینک محکمہ موسمیات کے منصوبے کیلئے امداد فراہم کرے گا۔