اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ عالمی آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط سٹیٹ بینک میں منتقل کردی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ کا ہے،3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع ہےکہ ہمارےکل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہبازشریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو قرض پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا: ایم ڈی آئی ایم ایف
خیال رہےکہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کیا ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق 1.8 ارب ڈالر نومبر اور فروری میں دوبارہ جائزوں کے بعد شیڈول کیے جائیں گے، پاکستان کو طے شدہ پالیسیوں پر سختی سے کاربند رہنا ہو گا، پاکستان میں معاشی اصلاحاتی پروگرام معیشت کو فوری سہارا دینے کے لیے ہے، پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔