اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے سے قرض معاہدہ منظور ہونے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزارت خزانہ کی ٹیم اور ایم ڈی آئی ایم ایف اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ سنگِ میل جو سخت ترین مشکلات اور بظاہر ناممکن نظر آنے والی ڈیڈ لائن کے خلاف حاصل کیا گیا، ٹیم کی بہترین کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ کچھ دیر قبل آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی منظوری معیشت کے استحکام اور میکرو اکنامک استحکام کے حصول کے لیے حکومت کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرکا قرض منظور کرلیا
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ فوری طور پر درمیانی مدت کے معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ملکی اقتصادی پوزیشن کو تقویت دے گا جس سے اگلی حکومت کو آگے بڑھنے کے لیے معاشی لحاظ سے آسانی میسر آئے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزارت خزانہ میں ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں خصوصی طور پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹلینا جورجیوا اور ان کی ٹیم کی حمایت اور تعاون ملنے پر نہایت مشکور ہوں۔