یہ مٹھائی بانٹنے کا موقع نہیں، آئی ایم ایف نے اکانومی کو جکڑ رکھا ہے، شہباز شریف

Published On 12 July,2023 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں کسی بھی چیلنج کے ساتھ مشکلات ہوتی ہیں، یہ کوئی مٹھائی بانٹنے کا موقع نہیں، آئی ایم ایف نے اکانومی کو جکڑ کر رکھا ہوا ہے۔

چھٹے پاکستان فارماسسٹ سمٹ ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرے ہمارا آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو، کل سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر آیا، 2 ارب روپے خالصتاً نئے آرمی چیف کی کاوشوں سے آیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہے، فارما انڈسٹری برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، فارما انڈسٹری کا ادویہ سازی کے ساتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، زندگی بچانے والی ادویات سے متعلق لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست کے مخالفین کا ایسا عبرتناک انجام کریں گے دنیا یاد رکھے گی: جاوید لطیف

انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں پیداواری لاگت پہلے سے بڑھ چکی ہے لیکن ہم نے غریب کی قوت خرید کو بھی دیکھنا ہے، حکومت فارما انڈسٹری کی بہتری کیلئے کوشاں ہے، فارما انڈسٹری کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، یہ ملک کے سفیر ہیں، فارماسسٹ بڑے زبردست پاکستانی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وقت آئے گا جب پالیسی ریٹس کم ہوں گے، تالی دو ہاتھوں سے بجتی ہے، فارماسسٹ عرق ریزی سے بیٹھ کر معاملات پر مشاورت کریں، آئینی مدت ختم ہونے سے پہلے ہم معاملات حل کریں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ فارماسسٹ غریب آدمی کی دوائی کا خیال رکھیں، میں فارماسسٹ کے تمام جائز مطالبات ماننے کیلئے حاضر ہوں۔