وزیر اعظم کو انٹیلی جنس بیورو کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش

Published On 11 July,2023 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کو انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی، آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسداللہ خان نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔

وزیراعظم نے انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں آئی بی نے اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم بننے کے بعد آئی بی کو قومی مفادات کے حوالے سے اضافی ٹاسک سونپے جو اس نے کامیابی سے حاصل کئے، ملک کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک، انسداد دہشت گردی میں آئی بی نے فعال کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی کمیونسٹ پارٹی چائنا کو 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد

انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاعات کی فراہمی سے درست فیصلہ سازی میں بھی آئی بی کا شاندار کردار رہا، وزیراعظم نے فواد اسداللہ کی پیشہ وارانہ قابلیت اور ادارے کو بہتر بنانے کی کاوشوں کی سراہا، انہوں نے کہا کہ ادارے کی غیرمعمولی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔

وزیراعظم نے آئی بی کے افسران اور عملے کو شاباش دی، انہوں نے آئی بی کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ اور سلامتی کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداء پر قوم کو فخر ہے۔

فواد اسداللہ خان نے وزیراعظم کے آئی بی میں اعتماد اور بھرپور حمایت پر شکریہ اداکیا، انہوں نے کہا کہ آئی بی ملک کی سب سے پرانی اور بڑی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی ہے۔