اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، وزارت خزانہ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پا گیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی جبکہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں بورڈ پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل پاکستان کا ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا۔