اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم مفت آٹا سکیم کی منظوری دیدی

Published On 26 July,2023 06:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے دوران رمضان المبارک میں وزیراعظم مفت آٹا سکیم کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے مفت آٹا کی فراہمی کے لئے 985.43 ملین روپے کی منظوری دیدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران وزیراعظم مفت آٹا سکیم کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے مستحق شہریوں کو مفت آٹا فراہمی کے حوالے سے سمری پیش کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس مقصد کیلئے 985.43 ملین روپے کی منظوری دیدی، یاد رہے کہ اس سکیم کا آغاز 18 مارچ 2023 کو کیا گیا تھا اور یہ سکیم 16 اپریل 2023 تک جاری رہی۔