اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کے نائب صدر کاؤ شوڈونگ کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں چینی تعاون سے میانوالی میں 1200 میگاواٹ کے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں جوہری توانائی کے منصوبوں کے شعبے میں چین پاکستان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں میں پاکستان کو تعاون فراہم کرنے پر چینی قیادت کو سراہا۔
وزیرخزانہ نے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی بروقت تعمیر اور تکمیل میں حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ جوہری توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پاکستان اور چین کے درمیان بندھن اور گہری جڑی ہوئی دوستی کا مظہر ہے۔