فلسطین، اسرائیل جنگ: حماس کے حملوں میں 11 امریکی بھی ہلاک

Published On 10 October,2023 02:40 pm

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں مزید شدت آگئی، حماس کے حملوں میں 11 امریکی شہریوں سمیت 1 ہزار سے زائد اسرائیلی مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1 ہزار 100 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2 ہزار 741 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے حملوں میں 11 امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جبکہ حماس نے اسرائیل کے ایف 16 طیاروں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی حملے بڑھا دیے، اسرائیل کی جانب سے غزہ کے 100 شہری مقامات پر وحشیانہ بمباری کی گئی ہے۔

اسرائیلی بمباری سے 704 فلسطینی شہید اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے، فلسطینی شہدا میں 143 بچے اور 105 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک لاکھ 23 ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں۔

غزہ کیلئے خوراک، بجلی، فیول اور دیگر اشیا کی سپلائی معطل ہے جس پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بجلی، ایندھن اور کھانے کی ترسیل بند ہونے سے سنگین صورت حال مزید بگڑ جائے گی۔